30 جون 2015 - 19:21
افغان دارلحکومت میں نیٹو کے قافلے پر خود کش حملہ ، ہلاکتوں کاخدشہ

افغانستان کے دارلحکومت کابل میں نیٹو کے قافلے پر خودکش حملہ ہواہے جس میں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیاجارہاہے ۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق افغان حکام کے مطابق کابل ایئرپورٹ اور امریکی سفارتخانے کے درمیان مین روڈ پررواں دواں اتحادی افواج کے قافلے کو نشانہ بنایاگیا،حملے کے بعد سڑک بلاک کردی گئی جبکہ عینی شاہدین نے نیٹو کی تباہ ہونیوالی فوجی گاڑیاں بھی دیکھیں ۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری تعداد نے ڈپلومیٹک انکلیو کو گھیرے میں لے لیا۔
ابتدائی طورپر جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی تاہم کچھ اطلاعات ایسی ہیں کہ جائے دھماکہ پر لاشیں دیکھیں گئیں۔ دھماکے سے عمارتیں لرز گئیں جبکہ دھویں کے کالے بادل اٹھتے دکھائی دیئے ۔
کابل پولیس کے ڈپٹی چیف سید گل آغا نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ مارکیٹ میں ہواہے ۔ دھماکہ اس وقت ہوا جب سرکاری ملازمین اپنے دفاتر کا کام بند کرکے چھٹی کرنے لگے تھے ، دفاتر کا دورانیہ رمضان کی وجہ سے کم کردیاگیا۔
.......

/169